انٹرورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ لاہور کالج فار ویمن نے جیت لیا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں کھیلی گئی انٹر ورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ 2018 کا ٹائٹل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے جیت لیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹر ی جنرل شیخ مظہر کے مطابق انٹر ورسٹی ویمن بیس بال چیمپئن شپ 2018کا ٹائٹل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے سرگودھا یونیورسٹی کو ہر ا کر جیت لیا ۔ پنجاب یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ چیمپئن شپ میں 8 یونیورسٹیوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ جن میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ، سرگودھا یونیورسٹی ، پنجاب یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب، گیریژن اور سپیرئیر یونیورسٹی شامل ہیں۔ فائنل کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخرعلی شاہ تھے ۔ جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر سید فخر علی شاہ نے خاتون کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ بیس بال کا کھیل یونیورسٹی لیول پر بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے ۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ 26 تاریخ سے شروع ہونے والی نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ اس چیمپئن شپ سے پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کے کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ پاکستان ویمن بیس بال ٹیم اگلے سال چائنا میں ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔

تعارف: newseditor