کرائسٹ چرچ (سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ او ر سری لنکا کے درمیان دوسرے اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 104رنز پر ڈھیر ہوگئی ،ْ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے میچ کے دو سرے روز کے اختتام پر دووکٹوں کے نقصان پر 231رنز بناکر مجموعی طورپر 305رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ جمعرات کو کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 88 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو انجیلو میتھیوز 27 اور سلوا 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔میچ کے دوسرے روز کیویز بائولرز نے انتہائی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا ،ْ ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکن ٹیم کے باقی چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ ٹرینٹ بولٹ نے یکے بعد دیگرے چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کر دیا۔اس دوران انہوں نے اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔ سلوا سری لنکا کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 21 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ٹم سائوتھی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ڈیکویلا سری لنکن ٹیم کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ٹم سائوتھی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ ان کے بعد کوئی بھی آئی لینڈرز کھلاڑیوں میں سے وکٹ پر نہ ٹھہر سکا پریرا، لکمل، چمیرا اور کمارا یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے چاروں کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوگئے۔ پریرا ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے، لکمل آٹھویں، چمیرا نویں اور کمارا دسویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جن کو ٹرینٹ بولٹ نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔ٹریٹ بولٹ نے ایک اوور میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تاہم وہ ہیٹ ٹرک نہ کرسکے۔ انجیلو میتھیوز 33 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں سری لنکن ٹیم کیویز اننگز کے سکور 178 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 104 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کیویز ٹیم کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ نے 6 ٹم سائوتھی نے 3 ،ْگریندہوم نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔کیویز ٹیم کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز راوال اور لیتھم نے کیا دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ کی شراکت میں 121 قیمتی رنز کا آغاز فراہم کیا ،ْراوال پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 74 رنز بناکر پریرا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ کپتان کین ولیمسن دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 48 رنز بناکر کمارا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنالئے اور اس کو سری لنکا کے خلاف 305 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی ۔سری لنکا کی طرف سے کمارا اور پریرا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔