پاکستانی ڈریسنگ روم میں اب پہلی جیسی رونق نہیں،بیٹنگ کوچ کا اعتراف


نیولینڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی ڈریسنگ روم میں پہلے جیسی رونق دکھائی نہیں دے رہی،اس وقت ماحول آئیڈئل نہیں۔ایک انٹرویو میں گرانٹ فلاور نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ڈریسنگ روم وہ نہیں جو اُنہوں نے پچھلی کئی سیریز میں دیکھا ہے جہاں کھلاڑی خوش اور ہنسی مذاق کرتے بھی دکھائی دیئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں صرف 3 دنوں میں شکست کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم میں پہلے جیسی رونق نہیں دکھائی دی،اس وقت ماحول آئیڈیل نہیں ہے۔زمبابوے سے تعلق رکھنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم ہارنا نہیں چاہتی اور نہ ہار کے بعد خوش ہونا چاہتی ہے۔اُنہوں نے خبردار کیا کہ اس پرفارمنس کے بعدکئی کھلاڑیوں کے ٹیم سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔گرانٹ فلاور نے کوچ مکی آرتھر اور کھلاڑیوں کے تلخ کلامی کی خبروں کے باہر آنے پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ نہیں معلوم کہ ڈریسنگ روم کی خبریں باہر کیسے آئیں لیکن جو بھی ہے اس کو اپنے گریبان میں ضرور جھانکنا چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم ایک خاندان کی طرح ہوتی ہے جن کا ایک دوسرے پر اعتماد ہوتا ہے،وہ پچھلے 4 برس سے ٹیم کے ہمراہ ہیں اور اس دوران اس طرح کی کئی خبریں باہر گئی ہیں اس لیے میرے لیے نئی اور حیران کُن بات کوئی نہ تھی۔

تعارف: newseditor