کیپ ٹاؤن (سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز ہاشم آملہ کی پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ 35سالہ ہاشم آملا کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے چوتھے دن بیٹنگ کے دوران پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عباس کی گیند بازو پر لگنے سے زخمی ہوئے تاہم ٹیم مینجمنٹ ان کی صحت پرکڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو کر اگلے میچ میں حصہ لے سکیں، ان کا طبی سکین کیا جائے گا جس سے صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پہلے روز سے ہی جنوبی افریقا کا پلڑا بھاری رہا اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا اور پہلی ہی اننگز میں 254 رنز کی برتری حاصل کرلی جس کے جواب میں قومی ٹیم 294 رنز پر آؤٹ ہوئی، مہمان ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 88، بابراعظم 72 اور شان مسعود 61 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا۔کھیل کا چوتھا روز شروع ہوا تو میزبان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 41 رنز درکار تھے اور ان کی تمام 10 وکٹیں ابھی باقی تھیں، ہدف کے تعاقب میں پروٹیز نے صرف ایک وکٹ گنوائی جو محمد عباس کے حصے میں آئی۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک جوہانسبرگ کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔