کینسر میں مبتلا ریسلر رومن رینز دوبارہ رنگ میں اترنے کے خواہشمند

نیویارک(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر رومن رینز نے گزشتہ برس اکتوبر میں منڈے نائٹ را کے دوران مداحوں کو بلڈ کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے سے متعلق بتا کر رنجیدہ کر دیا، علاج کیلئے انھیں ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ چھوڑنی پڑی تھی تاہم اب انھوں نے ریسلنگ رنگ میں دوبارہ اترنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے.میڈیا رپورٹ کے مطابق رومن رینز پہلے بھی اس مرض کا شکار رہ چکے ہیں جو دوبارہ لوٹ آیا، 22 اکتوبر 2018 کو بالآخر اکثر مداحوں کو اس بات کا علم ہو گیا کہ انکا پسندیدہ ریسلر کینسر جیسی موذی مرض کا شکار ہے۔رومن رینز کے علاج کے دوران تفصیلات تو منظرعام پر نہیں آ ئیں تاہم ان کی ایک تصویر ضرور سامنے آئی ہے۔ گزشتہ ماہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک ایونٹ میں بھی شریک ہوئے تھے اور توقع ہے کہ وہ اگلے ماہ ایک نمائش کا حصہ بنیں گے۔حال ہی میں انکے ساتھی ریسلر کرس جیریکو نے بتایا تھا کہ وہ اکثر رومن رینز سے رابطے میں رہتے ہیں اور ان کی حالت کافی اچھی ہے۔ ایک امریکی میڈیا پرسن سوزن برنر نے سوشل میڈیا پر رومن رینز کی تصویر بھی شئیر کی جس میں رومن رینز ایک ہوٹل میں موجود ہیں اور تصویر میں کافی خوش اور صحت مند نظر آرہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ ورزش سمیت اپنی روز مرہ سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تعارف: newseditor