دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی )نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا ہے جس میں قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کو شامل کرلیا گیا ہے۔آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا ہے، ون ڈے ٹیم میں کوئی پاکستانی جگہ نہ بنا سکا تاہم ٹیسٹ ٹیم میں قومی کھلاڑی محمد عباس جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔محمد عبا س نے 2018ءمیں 7ٹیسٹ میچز میں محض 13.76کی اوسط سے 38وکٹیں حاصل کی تھیں ، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں 10وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی وہ 2006ءکے بعد ایک ٹیسٹ میں 10وکٹیں لینے والے پہلے باؤلر بھی بن گئے ،ان سے قبل محمد آصف نے سر ی لنکا کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا ۔دونوں ٹیموں کے لیے بھارت کے ویرات کوہلی کو کپتان بنایا گیا ہے۔آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں ویرات کوہلی(کپتان )، روہت شرما، جونی بیرسٹو، جو روٹ، راس ٹیلر، جوز بٹلر، بین سٹوکس، مستفیض الرحمان، راشد خان، کلدیپ یادیو اور جسپریت بمراہ کو شامل کیا گیا ہے۔آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ویرات کوہلی(کپتان )، ٹام لیتھم، دمتھ کارونا رتنے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، رشبھ پانٹ(وکٹ کیپر)، جیسن ہولڈر،کگیسو ربادا، نیتھن لیون، جسپریت بمراہ اور محمد عباس۔ سری لنکا کے دھرما سینا کو آئی سی سی امپائر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے، دھرما سینا 2012 ءمیں بھی بیسٹ امپائر کا اعزاز لے چکے ہیں۔