لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) دنیا کی مقبول ترین کرکٹ لیگز میں شامل ہوگئی ہے، پی ایس ایل کے مسلسل انعقاد سے کرکٹ کو فروغ ملا اور نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، پی ایس ایل سیزن 4کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لئے پنجاب حکومت شائقین کرکٹ کو بہترین سہولتیں فراہم کریگی، جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ پی ایس ایل کا انعقاد نوجوان کرکٹرز کے لئے خوش آئند ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کرکٹر کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، پی ایس ایل میں اے بی ڈی ویلیئر، ڈیرن سیمی، لیوک رونچی، اندرے رسل، وائین پارنل، کولن منرو، پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیوائن بریو، کارلوس براتھ ویئر اور کورے انڈرسن جیسے بہترین کرکٹرز کھیل رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ پوری قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان کامیابی سے مسلسل چار برسوں سے پی ایس ایل کا انعقاد کررہا ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ پی ایس ایل سیزن 4کے لاہور میں 9،10اور 12مارچ کو ہونے والے میچز کے لئے پنجاب حکومت انتظامات کررہی ہے، شائقین کرکٹ کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔