اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے) ایگزیکٹیو باڈ ی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ادارہ میں کرپشن کرنے والے کرپٹ افسران کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ میں انتظامی نااہلی اور اربار اختیار ماضی میں سپورٹس بورڈ کو لُوٹنے والے آج ایک بار پھر متحرک ہو کر اپنی کرپشن چھپانے کیلئے سپورٹس بورڈ کے غریب اور چھوٹے طبقے کے لوگوں کو اپنی کرپشن کی بھینٹ چڑھانے میں مصروف ہیں اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی آنکھوں میں دھول جھونکا جا رہا ہے ۔ جس کی تازہ مثال سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل خاقان بابر نے اعظم ڈار ، ڈائریکٹر (ای اینڈسی) کے ساتھ ملکر 2 افراد کو لاہور سنٹر میں بھرتی کروایا ۔ ان 2 افراد کی تنخواہیں سپورٹس بورڈ کے بجٹ سے دی جا رہی ہیں جبکہ یہ دونوں افراد سابقہ ڈی جی کے گھر ذاتی کام کر رہے ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر ادارہ میں اعظم ڈار کے پاس ایکٹنگ چارج جو کہ ڈائریکٹر(E&C)، ڈائریکٹر(NF)، ڈائریکٹر(میڈیا)، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) کے علاوہ ٹرانسپورٹ، پبلی کیشن آفیسر کے چارج موجود ہیں۔ اس سے ظلم کی انتہا یہ کہ ادارہ ہذا میں مختلف کیڈر میں موجود سٹاف اپنی ترقی کے انتظار میں بعض ریٹائرڈ ہو گئے اور کچھ ریٹائرڈ ہونے والے ہیں۔آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ پی ایس بی کے مفاد پر ست ٹولے سے نکل کر سپورٹس کی بہتری اور ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک میں کھیلوں کا فروغ جو کہ وزیراعظم پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اُن کے ویژن کو آگے بڑھایا جا سکے اور جو کرپشن میں ملوث لوگ ہیں اُن کا محاسبہ کریں۔ پی ایس بی ایمپلائز یونین (سی بی اے) اور پی ایس بی کا ہر ورکر اُن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اپنے ملک اور ادارہ کیلئے اپنا فرض منصبی ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔