کیپ ٹائون (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈوین اولیفیئر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈوین اولیفیئر نے کہا کہ انہوں نے یہ اپنی زندگی کا سب سے مشکل فیصلہ لیا ہے جبکہ انہوں نے حال میں جنوبی افریقہ کی ٹیم میں واپسی کی تھی۔فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں ڈوین اولیفیئر کا کہنا تھا کہ میرا فیصلہ کچھ لوگوں کے سمجھنے کے لیے بہت مشکل ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کرکٹ کیئریر بہت چھوٹا ہوتا ہے اور بطور ایک پیشہ ورانہ کھلاڑی انہیں تمام مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے بہترین انتخاب پر غور کرنا تھا۔ڈوین اولیفیئر نے جنوری 2017 میں جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا جنہیں کائل ایبٹ کے بعد ان کی جگہ پر ٹیم کا اہم حصہ تصور کیا جارہا تھا۔اولیفیئر نے یورکشائر ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کے دوران اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے اولیفیئر کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کاؤنٹی کرکٹ کے دوران انہیں یہ یقین ہوگیا تھا کہ ان کے روشن مستقبل کے لیے کاؤنٹی کرکٹ ہی بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ یورکشائر کے ساتھ بطور غیر ملکی کھلاڑی کھیلنا چاہتے تھے، تاہم یورکشائر کی جانب سے ملنے والی کولپاک معاہدے کی پیشکش کے بعد احساس ہوگیا تھا کہ انگلش کلب کے ساتھ طویل مدتی معاہدہ ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک بہترین انتخاب ہوگا۔انہوںنے کہاکہ اگر میں یہ کہوں کہ یہ فیصلہ میرے لیے آسان تھا تو یہ بالکل غلط ہوگا، کیونکہ میں نے ایسے وقت میں ملک کے لیے کرکٹ کھیلنا چھوڑا ہے جب میرے پاس واپس آنے کے بین الاقوامی کرکٹ کے ملنے کی امید بھی نہیں ۔