پاکستان سپر لیگ فور،اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ڈھیر کردیا

دبئی (عبدالرحمان رضا سے)اسلام آبا یونائیٹڈ نے آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو اعصاب شکن مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔آصف علی نے اپنی جارحانہ مزاج بلے بازے کا شاہکار دکھاتے ہوئے ٹیم کو گروپ اسٹیج میں اہم فتح دلواتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پہنچادیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔گزشتہ 2 میچز کی طرح اس مرتبہ بھی کالن منرو کا بلا رنز اگلنے سے قاصر رہا اور وہ رومان رئیس کی گیند پر 4 رنز بنانے کے بعد 23 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیام لیونگسٹن کے ساتھ 78 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ قائم کرکے 11ویں اوور میں ہی ٹیم کو 101 رنز تک پہنچا دیا۔تاہم اس اسکور پر لیونگسٹن شاداب خان کی گیند پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ کولن انگرام کے ہمراہ 32 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی لیکن 133 پر انگرام 13 رنز بنانے کے بعد رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے کراچی کنگز کے بلے بازوں کے لیے پریشانی کھڑی کرنے کی کوشش کی، لیکن بابر اعظم ان کے ارادوں کے درمیان آگئے۔تاہم شاداب الیون نے دوسری جانب سے 12 رنز بنانے والے بین ڈنک اور 2 رنز بنانے والے عماد وسیم کو بھی پویلین بھیج کر بابر اعظم کے ارادوں کو بھی کمزور کردیا۔بابر اعظم 68 رنز بنانے کے بعد 19ویں اوور میں فہیم اشرف کی گیند پر 161 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے نپی تلی باؤلنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو بڑا ہدف بنانے سے روکے رکھا اور کنگز مقرر 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ایونٹ کے گروپ اسٹیج میں اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے با آسانی شکست سے دوچار کیا تھا۔کراچی کنگز اپنے 5 میچوں میں 2 فتوحات حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ بہتر رن اوسط کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے۔

تعارف: newseditor