کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سیکریٹری ڈی ایف اے ساؤتھ کے جنرل سیکریٹری حاجی اقبال خان نے رحیم بخش بلوچ کو سیکریٹری سندھ کے عہدے سے برطرف کرنے کے اقدام کو انجینئر اشفاق حسین شاہ ، صدر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کاخوش آئند اقدام قراردیا ہے۔رحیم بخش کی وجہ سے سندھ کی فٹبال دو گروپوںمیں تقسیم ہوگئی اور فٹبالرز جو آپس میں بھائی بھائی کی طرح باہم شیروشکر تھے دو گروپوں میں تقسیم ہوگئے۔سابق صدر فیصل صالح حیات جس نے پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کے بجائے فیفا اور اے ایف سی میں اپنے تعلقات کو بہتر بنانے اور ڈالرجمع کرنے کواپنی زندگی کا مشن بنالیااور رحیم بخش جیسے لوگوں کو اپنے ساتھ ملا کر پاکستان کی فٹبال کو تباہ اور فٹبالرز کو باہم دست و گریباں کردیا۔ فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی مراعات اور دورے صرف اور صرف خادم علی شاہ ، کرنل (ر) احمد یار لودھی اور اپنے تک محدود کرکے سیرسپاٹے اور ڈالرز بناتے رہے اور یہ سلسلہ اے ایف سی کی مدد سے ہنوز جاری ہے۔فیفا اور اے ایف سی فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی کا رواں ماہ دورہ ملتوی کراکے پاکستان کو ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے سے محروم کردیا۔ جس سے پاکستان کے فٹبالرز کیلئے ان کی محبت اور نیت کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے تینوں صوبوں میں فٹبالرز باہم اتحاد و یکجہتی کے ساتھ فٹبال کی ترقی کیلئے کمربستہ ہیں لیکن سندھ میں رحیم بخش کا ٹولہ فٹبالرز کے مابین رنجشیں اور دشمنیاں پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔صدر فیڈریشن نے عبدالرحمن کو نیا سیکریٹری سندھ نامز کرنے پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے فٹبال کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ جس کے جلد مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور توہین عدالت کے مرتکب ہونے والے ذمہ داران فٹبال جلد قانونی گرفت میں آئیں گے۔