کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے زیراہتمام اور محکمہ کھیل حکومت سندھ و پاپولر گروپ آف کمپنیز کے تعاون سے تیسرا نیشنل سیپاک ٹاکرا ریفری اینڈ کوچنگ کورس سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاپولر گروپ ملک ذوالفقار علی روشن تھے جبکہ گیسٹ آف آنر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی سابق صدر کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ،سید سرفراز احمد رجسٹرار سرسید یونیورسٹی ،اولمپیئن افتخار سید ،ایس ایم شاہجہاں چیئرمین امتیاز انٹرپرائزز ،جمیل احمد ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی ، احمد علی راجپوت سیکرٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ،اسلم خان صدر کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن تھے ۔جبکہ واصف نثار لیکچرار کراچی یونیورسٹی نے اسپورٹس پلاننگ ،سینئر اسپورٹس جرنلسٹس عتیق الرحمن اور شکیل یامین کانگا نے اسپورٹس میں میڈیا کا کردار ،نوشاد احمد نے سیپاک ٹاکرا کے ماضی ،حال اور مستقبل پر ،احمد علی راجپوت نے اولمپک چارٹر پر جبکہ عبدالباسط نے سیپاک ٹاکرا کے رولز کے حوالے سے لیکچر دیئے ۔مہمان خصوصی ملک ذوالفقار علی روشن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کے انہوں نے اتنے شاندار انداز میں کورس کا انعقاد کیا اور کہاکہ سینیٹر امام الدین شوقین کی ہدایت پر ہم نے ٹنڈو آدم میں اسپورٹس گراؤنڈ اور کمپلیکس بنایا ہے جس میں مختلف ایونٹس منعقد ہوتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم مستقبل میں بھی پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔
مہمان خاص پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جس طرح ہم نے کرکٹ کی فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور کررہے ہیں ہم سیپاک ٹاکرا کے کھیل کے فروغ اور رہنمائی میں بھی ہر ممکن تعاون کریں گے ۔سید سرفراز احمد نے کہاکہ ہمارا ادارہ کھیلوں کی ہر تنظیم کے ساتھ اپنا تعاون اسی طرح سے جاری رکھے گا ۔ ایس ایم شاہجہاں نے کہاکہ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن نے ریفری و کوچنگ کورس کا انعقاد کرکے سیپاک ٹاکرا کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس کے دوررس نتائج حاصل ہونگے۔ اولمپیئن افتخار سید نے کہاکہ ہر فیڈریشنز کو اس طرح کے کورسز کرانے چاہئیں انہوں نے پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کو مبارکباد بھی پیش کی ۔چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی انجینئر محفوظ الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کا یہ تیسرا کورس ہے انکے ہر کورس کی یہ خصوصیت ہے کہ یہ کوچز اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے کہا کہ سیپاک ٹاکرا کا کھیلملک میں تیزی سے فروغ پارہا ہے اس کی خاص وجہ یہ ہے کہ فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان اور انکی ٹیم شبیر احمد ،ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ،سید اصغر حسین ،عارف وحید خان ،ریحانہ آصف ،عبدالباسط ،طارق خان ،عرفان احمد ،زبیر ملک اور دیگر دن رات اس کھیل کی بہتری اور فروغ دینے کیلئے کام کرہے ہیں ۔ اسلم خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ کھیل کے میدانوں کو آباد کردو ہسپتال خودبخود ویران ہوجائیں گے ۔پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نوشاد احمد خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس کورس کو سپروائز کرنے کیلئے پچھلے سال کی طرح اس بار بھی انٹرنیشنل سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری اور ایشین سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے صدر عبدالحلیم بن کادر کے آنے کی تمام تر تیاریاں مکمل تھیں لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کی وجہ سے نہیں آسکے مگر وہ 2020 ُ ُ کے کورس اور ایونٹ میں ضرور آئیں گے انہوں نے محکمہ کھیل حکومت سندھ ،پاپولر گروپ ،امتیاز انٹرپرائزز ،سرسید یونیورسٹی ،پروفیسر اعجاز فاروقی ،اولمپیئن افتخار سید اورتمام لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورس کو کامیاب بنانے میں ہماری مدد کی ۔اس موقع پر خالد رحمانی ،شاہد مسعود اور دیگر بھی موجود تھے ۔نظامت کے فرائض سید اصغر حسین نے انجام دیئے ۔آخر میں عارف وحید خان نے تمام مہمانوں اورشرکا کا شکریہ ادا کیا ۔