پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز برابر کردی

بینونی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔اتوار کو بینونی میں تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر265 رنز بنائے۔میزبان ٹیم کی جانب سے سونے لوس 80 رنز بناکر نمایاں رہیں جب کہ گرین شرٹس کی عالیہ ریاض نے 2، ایمن، ثنا اور ندا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم عالیہ ریاض کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس ہدف کے قریب پہنچی۔

پاکستان کو آخری گیند پر جیت کے لیے دو رنز کی ضرورت تھی، وکٹ پر موجود سدرہ نواز اور نشرہ ساندھو ایک رن بناسکیں اور میچ ٹائی ہوگیا، یوں قومی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر265 رنز بناسکی۔پاکستان کا پہلی بار جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا لیکن ویسٹ انڈیز کو دبئی میں ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے ایک اور غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے۔ولمور پارک میں ہونے والے میچ میں پاکستانی کی عالیہ ریاض کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 49 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور 82 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔دونوں ٹیموں نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں ایک ایک کامیابی حاصل کی تھی۔

تعارف: newseditor