کرا چی(اسپورٹس رپورٹر) جناح اسٹیڈیم اسلام آباد پرتھائی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نائجریا کو 1-0سے شکست دے کر ڈپلومیٹک لیثررلیگز کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ تھائی لینڈ نے اپنی 2ٹیموں ’اے‘ اور ’بی‘ کو ایونٹ کا حصہ بنایا۔دونوں ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ جہاں تھائی لینڈ ’بی‘ نے تھائی لینڈ ’اے‘ کو 2-0کی ضرب لگائی۔نائجریا کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد برازیل کیخلاف مقررہ وقت میںمقابلہ 0-0سے برابر کھیلنے کے بعد ٹائی بریکر پر 3-1کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کی۔8ٹیموں نے ایونٹ میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا جس میں 12ممالک کے کھلاڑیوں نے حصہ لیاجن میں میزبان پاکستان، اسپین، اٹلی، فرانس، برازیل، نائجریا، سعودی عربیہ، رشیا، قطر، سوڈان، انگلینڈ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل تھیں۔8ٹیموں کا تعلق یورپ، انٹرنیشنلز، برازیل ، تھائی لینڈ ’اے‘ اور ’بی‘ رشیا، نائجریا اور سعودی عرب سے تھاجنہیں 4,4کے 2گروپ میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ کی 2ٹاپ ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ گروپ میں تھائی لینڈ ’بی‘ 7پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی ، برازیل کو 4پوائنٹس ، سعودی عرب کو 3پوائنٹس، اور یورپ کو ایک پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل ہوئی۔گروپ ’بی‘ میں نائجریاکو 7پوائنٹس بنا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن ملی۔ تھائی لینڈ ’اے‘ نے 6پوائنٹس کے ساتھ دوسری، ایک پوائنٹ بنا کررشیا کو تیسری اور انٹرنیشنل بغیر کوئی پوائنٹ بنا کر چوتھی اور آخری نمبر پر رہی۔تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے یونان کے سفیر ڈیمی ٹرس ہاؤزوپولوس نے بحیثیت مہمان خصوصی محمود ٹرنک والا ، چیئرمین ورلڈ گروپ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے سفارت کاروں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔ان کا کہنا تھاکہ یونان کے شہر کریٹ میں 12تا20اکتوبرسکس اے سائیڈ انٹرنیشنل سوکا ورلڈ کپ کے انعقاد کی میزبانیکا اعزاز یونان کو حاصل ہورہا ہے جس میں دنیائے فٹبال کی 32عظیم ترین ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ہم اس عظیم الشان ایونٹ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور شریک ٹیموں اور ان کے آفیشلز کو کریٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں اور جملہ شریک ٹیموںکو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں میچ کے اختتام پرمہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر انس محمود ٹرنک والا، محمد زیب خان، بریگیڈیئر نصر ت حیات خان، بہراﷲ ہزاروی، نائجرین سفارتکار میجر جنرل اشومیواینڈی بے یواولینی، سردار رفیق الرحمن سنجرانی، اٹارنی ان لاء اینڈ پولیٹکس ، مسڑ شیخ، ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ، اسلام آباد اور ڈپٹی ڈی جی اسپورٹس،منصور احمد خان بھی موجود تھے۔