ہیڈنگلے (سپورٹس لنک رپورٹ)ہیڈنگلے لیڈز میں پاکستان اور افغانستان کے میچ میں تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد آئی سی سی نے سخت بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے اور تماشائیوں کا مزہ خراب کرنے والے مشتعل افراد کے خلاف پولیس کی مدد سے کارروائی کی جائے گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تماشائیوں کے جھگڑے سے مکمل آگاہ ہیں۔ ہیڈنگلے کی سیکیورٹی اور ویسٹ یارکشائر پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ایسے کسی رویے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس قسم کے واقعات دوبارہ رونما نہیں ہوں گے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ چھوٹے جہاز پر بینر کی مدد سے جو سیاسی نعرہ درج تھا اس قسم کے واقعات کا آئندہ سدباب کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ ہیڈنگلے کی فضائی حدود بند تھیں اس کے باوجود جہاز کا فلائی کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈنگلے گراؤنڈ سے کئی تماشائی کود کر بغیر ٹکٹ کے اندر داخل ہوئے اور ٹکٹ ہولڈرز کی نشستوں پر قابض ہوگئے، جب انہوں نے سیٹ خالی کرنے کے لئے کہا تو ہنگامہ شروع ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہنگامہ کرنے والوں کو حراست میں لے رہی ہے۔