لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چار دہائیوں کے بعد ملک سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو مکمل ختم کیا جارہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو پروفیشنل انداز میں چلانے کے لئے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا کردار تقریباً ختم کردیا ہے، فرسٹ کلاس میں آئندہ سیزن سے کوئی ڈپارٹمنٹل ٹیم شامل نہیں ہوگی۔گیارہ ڈپارٹمنٹ چھ صوبائی ٹیموں کو سپورٹ کریں گے، ملک کے گیارہ ڈپارٹمنٹ واپڈا،سوئی ناردرن،سوئی سدرن،اسٹیٹ بینک، سول ایوی ایشن، پاکستان ریلویز، پی آئی اے، زرعی ترقیاتی بینک، پی ٹی وی، خان ریسرچ لیبارٹری اور نیشنل بینک اب صوبائی ٹیموں اور ان کے کھلاڑیوں کو اسپانسر کریں گے۔ صوبائی ٹیموں کی سپورٹ کیلئے ان ڈپارٹمنٹ کو پی سی بی نے خط لکھ دیا ہے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بارے میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے وزیر اعظم کے سیکریٹری اعظم خان کو خط تحریر کیا ہے۔پی سی بی نے وزارت کھیل کو لکھے گئے خط میں تحریر کیا ہے کہ ری اسٹرکچرنگ میں ڈپارٹمنٹ کا گراس روٹ اور ترقی میں کردار محدود ہوجائے گا۔ اس لئے آپ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کریں کہ وہ نئے صوبائی سیٹ اپ میں ٹیموں کو سپورٹ کریں۔پی سی بی نے وزارت برائے بین الصوبائی رابطے کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کردیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ڈومیسٹک سیزن کی ری اسٹرکچرنگ کی جارہی ہے اسی ری اسٹرکچرنگ میں نیا سیٹ اپ پروفیشنل انداز میں چلایا جائے گا۔نئے ڈھانچے میں احتساب کے عمل کو شامل کیا گیا ہے اور ٹیموں کی تشکیل میں شفافیت کو اہمیت دی جائے گی۔نئےمنصوبے میں ریجن کی 16ٹیموں کےبجائے6صوبائی ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ ہوں گی۔ پلان کےمطابق پنجاب سے 2 ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، خیبرپختونخواہ، سندھ ، بلوچستان، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ایک، ایک ٹیم تشکیل دی جائےگی۔کرکٹ بورڈ کے نئےپلان میں ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کو ایڈجسٹ کرنےکی بھی درخواست کی گئ ہے۔ڈپارٹمنٹ کو نئےسیٹ اپ میں شامل کیا جا سکتا ہے، پی سی بی ڈپارٹمنٹس نئےسیٹ اپ میں ٹیموں کی مینجمنٹ اورفیصلہ سازی میں شامل ہوسکتےہیں۔ مجوزہ پلان کےتحت شہروں کی ایسوسی ایشنز اورکلب کرکٹ کو بہتر بنایاجائےگا۔