پاکستان بیس بال ٹیم کا ٹریننگ کیمپ اسلام آباد میں جاری

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیراہتمام پاکستان بیس بال ٹیم کا ٹریننگ کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی میں پاکستان بیس بال ٹیم نے چودھویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ جوکہ سری لنکا میں منعقد ہورہا ہے میں شرکت کرنی ہے ۔ اس ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش، انڈیا، ایران ، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی شرکت کررہی ہیں ۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم انتسویں ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2019 جوکہ اسی سال تائیوان میں منعقد ہوگی کے لئے کوالیفائی کرے گی۔ سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ مضبوط پاکستانی ٹیم تیار کرنے کے لئے ضروری تھا کہ پاکستان کی ٹیم کا کم ازکم دو مہینے کا کیمپ لگایا جاتا کیونکہ دوسری ٹیمیں پچھلے دو ماہ سے اس ٹورنامنٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ سید فخر علی شاہ نے مسز فہمیدہ مرزا منسٹر آئی پی سی (انٹر پروونشل کوآرڈینیشین ) کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان بیس بال ٹیم کا کیمپ اسلام آباد میں لگانے کی اجازت دی ۔ پاکستان ٹیم کی بھرپور تیاری کے ساتھ اس ٹورنامنٹ میں شرکت ضروری تھی۔ انہوں نے اکبر حسین درانی سیکرٹری آئی پی سی کا بھی کیمپ کے سلسلے میں پاکستان فیڈریشن بیس بال کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ سید فخر شاہ کے مطابق یہ منسٹری آف آئی پی سی کی پاکستان بیس بال ٹیم کی بہت بڑی مدد ہے ۔ اس کیمپ سے کھلاڑیوں کا کمبی نیشن بہت عمدہ بنے گا۔ ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے پاکستان ٹیم کا اس ٹورنامنٹ کا جیتنا بہت ضروری ہے۔ سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان بیس بال ٹیم پاکستانی امنگوں پر پورا اترنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور قوم کو گولڈ میڈل کی صورت میں تحفہ دے گی۔ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے ۔ گروپ A میں سری لنکا، انڈیا اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ B پاکستان ، ایران اور بنگلہ دیش پر مشتمل ہے ۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 15جولائی کو ایران کے خلاف اور دوسرا میچ 16جولائی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا ۔ سید فخر علی شاہ کے مطابق پاکستان ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں موجود کھلاڑیوں میں عنایت اللہ خان، محمد امجد اسلم، ارسلان جمشید، فقیر حسین، محمد رفیع، عبیداللہ ، محمد عبداللہ، فضل الرحمان، جواد علی، محمد عثمان، محمد ذاکر، محمد سمیر زوار، عمیر امدا بھٹی ، طارق ندیم، محمد حارث، ارشد محمود، محمد صادق، احتشام اکرم، محمد تیمور جاوید، محمد زوہیب ملک، احتشام الحق، حسیب اللہ خان، سید امین آفریدی اور محمد اویس شامل ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم کی کوچنگ مصدق حنیف اور سید بابر علی شیرازی جیسے کوالیفائیڈ کوچز کررہے ہیں ۔ سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ اگست میں پاکستان کی انڈر 15بیس بال ٹیم نے ایشین انڈر 15بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرنی ہے جو کہ انڈر15ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ رائونڈ ہے ۔ انڈر 15ٹیم کے کیمپ کے سلسلے میں بھی منسٹری سے گفت وشنید جاری ہے اور امید ہے کہ منسٹری پاکستان ٹیم کے کیمپ اور ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی ضرور مدد کرے گا۔

تعارف: newseditor