ڈرہم(سپورٹس لنک رپورٹ) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے 39 ویں میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا کے 339 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بناسکی۔چیسٹر لی اسٹریٹ کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشال پریرا نے ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ پر 93 رنز کی شراکت بنائی تاہم کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کوشال پریرا کی گری جو 64 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ایوشکا فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ اننگز کھلیں لیکن 184 کے مجموعے پر مینڈس 39 رنز بناکر ایلن کا شکار بنے۔ ایوشکا فرنینڈو کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔ ایوشکا فرنینڈو 104 اور کوشال پریرا 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 2، فابین ایلن، اوشین تھامس اور شیلڈن کوٹریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کے 339 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز مایوس کن تھا اور 12 کے مجموعے پر ایمبرس ملنگا کا شکار بنے، شائے ہوپ کو بھی ملنگا نے بولڈ کیا اور وہ 5 رنز بناسکے۔کرس گیل 35 اور ہیٹمیئر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد پورن اور ایلی نے شاندار کھیل پیش کیا اور ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے تاہم ایلی 51 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔پورن نے بھی جارحانہ اننگز کھیلی اور 103 گیندوں پر 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پورن کے آؤٹ ہوتے ہی ویسٹ انڈیز کی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بناسکی، یوں اسے 23 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پورن نے 118 اور فابین ایلی نے 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں اور میچ کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ٹیموں پر اثر انداز نہیں ہوگا۔