کراچی (ریاض احمد) سید اشفاق حسین شاہ، صدر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ہدایت پر سیکریٹری بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن سابق قومی کپتان لالا اکبر رئیسانی نے سابق سیکریٹری بی ایف اے سعید احمد سے فیفا فٹبال ہاؤس کوئٹہ کا مکمل طور پر چارج لے لیا۔ اکبررئیسانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال ہاؤس کی حوالگی کے وقت سابق سیکریٹری نے تھوڑی مزاحمت ضرور کی لیکن جملہ سرکاری کاغذات کی موجودگی کی وجہ سے بالاآخر وہ فٹبال ہاؤس کا چارجدینے پر مجبور ہوگئے۔ سیکریٹری بلوچستان کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان کی فٹبال کے تمام فیصلے یہیں سے ہونگے۔ خلاف ورزی کرنے والوں اور متوازی ایسوسی ایشن بنانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ فیفا کے احکامات کی روشنی میں فیصل صالح حیات کو عہدہ صدارت سے برطرف کرنے کا فیصلہ فیفا کی ایک پریس ریلیز بعدازاں کرنل (ر) احمد یار لودھی کو لکھے گئے ایک لیٹر میں واضح کردیا گیاکہ فیصل صالح حیات اب صدر فیڈریشن نہیں رہے۔انجینئر سید اشفاق شاہ ہی عدالت عالیہ کے فیصلہ کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر ہیں جسکا واضح ثبوت فٹبال ہاؤس کوئٹہ کی ہمیں حوالگی ہے۔ سابق سیکریٹری فیڈریشن کرنل (ر) لودھی کی اب کوئی حیثیت نہیں فٹبال مافیا کیجانب سے انکی سیکریٹری فیڈریشن کی گردان محض ایک پروپیگنڈہ سے زیادہ کچھ نہیں۔ سعید تکوکی جانب سے متوازی ایسوسی ایشن بنانے اورنوجوان کھلاڑیوں کو سہانے خواب دکھاکر ان کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ سابق صدر فیڈریشن کے تمام اختیارات صلب کرلئے گئے ہیں۔ بلوچستان فٹبال ایسوسی ایشن سے الحاق رکھنے والے جملہ کلبس اور کھلاڑی متوازی ایسوسی ایشن کی سازش کا شکار نہ ہوں جو ان کے سنہرے مستقبل کو تاریک کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔