عالمی کپ،انگلینڈ کیویز کو روند کر سیمی فائنل میں، پاکستان کیلئے راستہ مزید دشوار ہو گیا

ڈرہم(سپورٹس لنک رپورٹ) کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جب کہ پاکستان کی فائنل فور میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے

جیسن روئے نے 6 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور وہ 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جونی بیئراسٹو نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلش کپتان اوئن مورگن نے بھی 42 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جب کہ جو روٹ نے 24 اور عادل رشید نے 16 رنز بنائے۔انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشام، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک وکٹ ٹم ساؤتھی کے حصے میں آئی۔

تعارف: newseditor