پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کا زیادہ انحصار انگلینڈ کی شکست پر

اسلام آباد (رپورٹ نواز گوھر) پاکستان کی کرکٹ ٹیم 12ویں آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اپنا نواں میچ 5 جولائی کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر لندن میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کیلئے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری ہوگا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان (آج) بدھ کو کھیلے جانے والا ورلڈ کپ کا 41واں میچ پاکستان ٹیم کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو یا تو روشن رکھے گا یا پھر امکانات کو انتہائی کم کردے گا۔نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین کانٹے دار میچ کی توقع کی جارہی ہے اور اس میچ میں پاکستانی شائقین نیوزی لینڈ کی جیت کیلئے دعا گو ہوں گے کیونکہ انگلینڈ کی شکست اور پاکستان کی بنگلہ دیش سے جیت قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے 8 میچز میں 11 پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے اور انگلینڈ کی ٹیم 8میچز میں 10 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں نے ابھی ایک ایک میچ کھیلنا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم ایک میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ اس کا انگلینڈ کیساتھ میچ ہونا باقی ہے اگر انگلینڈ کی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائیگی۔ پاکستان کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلہ دیش کیخلاف پانچ جولائی کو ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش کو ہر صورت میں شکست دینا ہوگی اور پھر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ کے نتیجہ پر انحصار کرنا ہوگا۔اگر انگلینڈ کی ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوجاتی ہے تو پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتی ہے تاہم اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ سے ہار جاتی ہے تو پاکستان بنگلہ دیش کو ہرا کر نیوزی لینڈ سے رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں رسائی کرسکتا ہے لیکن نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے زیادہ ہے اسلئے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط ہے اگر نیوزی لینڈ انگلینڈ سے بڑے مارجن سے ہارے اور پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرے تو پاکستان نیوزی لینڈ کی جگہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔

تعارف: newseditor