مسلسل 9ناکامیوں کے بعد افغانستان کا عالمی کپ کا سفر اختتام پذیر

لیڈز (سپورٹس لنک رپورٹ)اکرام علی خیل کی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود ویسٹ انڈیز نے افغانستان کو ورلڈ کپ میچ میں 23رنز سے شکست دے دی اور اس طرح افغانستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں کوئی بھی میچ نہ جیت سکی۔لیڈز میں کھیلے جا گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 21 کے مجموعی اسکور پر جارح مزاج اوپننگ بلے باز کرس گیل صرف 7رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔افغانستان کو جلد ہی دوسری وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن راشد خان نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شے ہوپ کا آسان کیچ ڈراپ کردیا۔اس موقع کا ویسٹ انڈین بلے باز نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور ایون لوئس کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 88رنز کی شراکت قائم کی، لوئس 58رنز بنانے کے بعد راشد خان کی وکٹ بنے۔دوسرے اینڈ سے شے ہوپ کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں نے شیمرون ہٹمائر کے ہمراہ 65رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، ہٹمائر 39رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ ہوپ کی 77 رنز کی اننگز محمد نبی کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔192رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد نکولس پوران کا ساتھ دینے کپتان جیسن ہولڈر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک اور عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے 105رنز کی شراکت قائم کی، ہولڈر 34 گیندوں پر 4 چھکوں سے مزین 45رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

نکولس پوران 43 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس شراکت کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311رنز بنانے میں کامیاب رہی۔افغانستان کی جانب سے دولت زدران دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باولر رہے جبکہ محمد نبی، راشد اور سید شیرزاد نے ایک، ایک وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں اکرام علی خیل اور رحمت شاہ کی دوسری وکٹ کے لیے 133رنز کی شاندار شراکت کے باوجود افغانستان کی پوری ٹیم 288رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ویسٹ انڈیز نے میچ میں 23رنز سے فتح حاصل کر لی۔افغانستان کی ٹیم ابتدا میں ہی کپتان گلبدین نائب کی وکٹ سے محروم ہو گئی لیکن اس کے بعد اکرام علی خیل اور رحمت شاہ ویسٹ انڈین باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 133رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور افغانستان کو میچ میں واپس لے آئے۔تاہم اس مرحلے پر کارلوس بریتھ ویٹ نے 62رنز کی اننگز کھیلنے والے رحمت کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد اکرام کا ساتھ دینے نجیب اللہ زدران آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 51رنز جوڑ کر ہدف کا کامیابی سے تعاقب جاری رکھا لیکن اس مرحلے پر افغان ٹیم 12رنز کے اضافے سے تین وکٹ گنوا بیٹھی۔اکرام نے 89رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور نجیب 31رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد افغانستان کی تیم وقتاً فوقتاً وکٹیں گنواتی رہی اور رحمت شاہ کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 50اوورز میں 288رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بریتھ ویت نے 4 اور کیماروچ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor