نیویارک(سپورٹس لنک رپورٹ)رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں مگر وہ بہت جلد ریسلنگ کی دنیا کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔یہ بات خود رومن رینز نے ایک انٹرویو کے دوران بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے 2 سال میں خود کو ڈبلیو ڈبلیو ای سے نکلتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، جس کے بعد ان کی توجہ دیگر پراجیکٹس اور فلموں پر ہوگی۔خیال رہے کہ رومن رینز کی ڈیبیو ہولی وڈ فلم ہوبس اینڈ شا 2 اگست کو ریلیز ہورہی ہے اور انہیں فلمی دنیا میں کافی کشش محسوس ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری توجہ ڈبلیو ڈبلیو ای پر ہے مگر جب وہ اپنے خاندانی ورثے کو مزید بہتر بنالیں گے تو بتدریج ڈبلیو ڈبلیو ای سے نکل کر دیگر چیزوں پر کام کریں گے۔رومن رینز نے کہا ‘میں یقیناً مستقبل میں فلمیں اور دیگر پراجیکٹس دیکھ رہا ہوں، مگر اس وقت میں جہاں ہوں، وہ زیادہ اہم نہیں، میں جسمانی طور پر خود کو صحت مند سمجھ رہا ہوں اور اگلے 2 سال اس کا فائدہ اٹھا کر اپنے ڈبلیو ڈبلیو ای کیرئیر کو اوپر لے جانا چاہتا ہوں اور کمپنی اور لاکرز روم میں موجود ریسلرز کو جس حد تک ممکن ہوسکا، کچھ دینا چاہتا ہوں’۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ سائیڈ پراجیکٹس (فلمیں) مل سکیں تو وہ ان پر کام کرنے کی کوشش کریں گے مگر وہ اس وقت توجہ کا مرکز نہیں۔ریلسر نے کہا کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سخت شیڈول سے لطف اندوز ہوتے ہیں مگر جب ان کا جسم اس کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گا تو کسی اور شیڈول جیسے فلموں کی جانب جائیں گے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ فلموں میں کام کرنا بہت آسان ہے کیونکہ انہیں خود اسٹنٹ نہیں کرنا پڑتے، مگر فلموں کا جادو انہیں کشش کرتا ہے اور کچھ عرصے میں وہ ریسلنگ کا باب بند کرکے آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے اشارہ دیا کہ اس عمل میں 2 سال کا عرصہ لگتا ہے اور یہ بات انہوں نے اس وقت کہی ہے جب وہ کیرئیر کے عروج پر ہیں۔