عالمی کپ کرکٹ،بھارت نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل بارش کے باعث کل تک ملتوی

مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مسلسل بارش کے باعث کل تک ملتوی کردیا گیا ہے اور کل میچ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں نیوزی لینڈ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کرے گا۔مانچسٹر میں ابرآلود موسم میں کھیلے جا رہے عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت ہوتا نظر نہیں آیا۔ورلڈ کپ میں مارٹن گپٹل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور یہ میچ بھی ان کے لیے ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جہاں وہ صرف ایک رن بنا کر جسپریت بمراہ کو وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد ہنری نکولس اور کپتان کین ولیمسن نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 68رنز کی شراکت قائم کی تاہم رویندرا جدیجا نے 28رنز بنانے والے نکولس کی وکٹیں بکھیر کر نیوزی کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ولیمسن کا ساتھ دینے تجربہ کار روس ٹیلر آئے اور دونوں نے 65رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا البتہ اس دوران بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے باز واضح طور پر دباؤ میں نظر آئے اور اسی کے نتیجے میں ولیمسن وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔اس موقع پر اسکور میں تیزی سے اضافے کے لیے جمی نیشام اور پھر کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھیجا گیا لیکن دونوں ہی بلے باز ناکامی سے دوچار ہوئے۔ابھی 46.1 اوورز کا کھیل ہی مکمل ہوا تھا کہ میچ میں ابرش نے مداخلت کردی اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا حکم دیا۔نیوزی لینڈ نے اب تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے ہیں ، روس ٹیلر 67رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔بارش شروع ہونے کے بعد امپائرز نے وقتاً فوقتاً میدان کا معائنہ کیا لیکن مسلسل بارش کے سبب کھیل ممکن نہ ہو سکا۔ساڑھے 4 گھنٹے مسلسل بارش کے بعد امپائرز نے آج کے دن کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا اور کل دوبارہ سے دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی تو نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی اننگز کا دوبارہ 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے آغاز کرے گی۔واضح رہے کہ بارش کی مداخلت کو مدنظر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔

تعارف: newseditor