سرفراز احمد کیلئے خوشخبری

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء کے سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے امکانات کو رد کردیا ہے۔اس وقت پی سی بی انتظامیہ سرفراز احمد کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچ رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے لیکن ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ سے انہیں ہٹانے کی فوری طور پر کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان نے ہفتے کو ایک انٹرو یو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کپتان کی تقرری چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا استحقاق ہے لیکن ابھی سرفراز احمد کو تبدیل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ آئی سی سی میٹنگ کے بعد لاہور جاکر اس بارے میں بات چیت ہوگی۔ اس حوالے سے میڈیا کی قیاس آرائیوں میں اس وقت کوئی صداقت نہیں ہے۔واضح رہے کہ ڈیڑ ھ سال پہلے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد شہریار خان نے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا تھا۔اس وقت پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم عالمی نمبر ایک ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ملی جلی ہے۔

تعارف: newseditor