نئے عالمی چیمپئن کا فیصلہ کل۔۔

لارڈز(سپورٹس لنک رپورٹ) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل (آج) اتوار کو لارڈز میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہو گا۔ انگلش ٹیم چوتھی مرتبہ اور کیوی ٹیم دوسری مرتبہ میگا ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ انگلش ٹیم اس سے قبل 1979ء، 1987ء اور 1992ء میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کا فائنل کھیل چکی ہے جبکہ کیوی ٹیم نے 2015ء میں پہلی بار ورلڈ کپ فائنل کھیلا تھا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ورلڈ کپ ٹورنامنٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور دو ٹاپ ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا رکھی ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں انگلینڈ نے دفاعی اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل (آج) اتوار کو لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اب تک عالمی ٹائٹل جیتنے سے محروم ہیں اسلئے دونوں ٹیمیں تاریخ رقم کرنے کیلئے خوب جان لڑائیں گی۔ انگلش ٹیم کو ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے عالمی ٹائٹل کیلئے اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب کیوی ٹیم نے جس طرح سیمی فائنل میں بھارت کو قابو کیا اس کے بعد وہ بھی ٹائٹل کیلئے مضبوط امیدوار بن چکی ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں آسٹریلوی ٹیم 5 مرتبہ عالمی ٹائٹل جیت کر سب سے کامیاب ترین ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز اور بھارت کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں جبکہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک، ایک بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

تعارف: newseditor