لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان جونیئر کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ کون ہوگا؟ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر19کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ مشتہر کردیا ہے۔یونس خان اور مصباح الحق جیسے بڑے کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد اب پی سی بی نے اشتہار کے ذریعے کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی طرح کے اشتہار پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لئے بھی دیئے جائیں گے۔جنوبی افریقا میں انڈر19ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے تین سال کے لئے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کی جائے گی۔ابتدا میں پی سی بی چاہتا تھا کہ راہول ڈریوڈ ماڈل کے تحت کسی بڑے کوچ کا تقرر کیا جائے لیکن یونس خان اور مصباح الحق کے انکار کے بعد اب اشتہار کے ذریعے ہیڈ کوچ تلاش کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اب راشد لطیف، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف جیسے کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کررہا ہے۔راشد لطیف پہلے ہی سرکاری ٹی وی کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کر چکے ہیں۔اشتہار کے مطابق ہیڈ کوچ انٹر نیشنل کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ پر بھی کام کرے گا۔ہیڈ کوچ لیول ٹو کوچنگ کورس کے ساتھ ساتھ انٹر نیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتا ہو۔ جبکہ اسے تین سالہ کوچنگ کا تجربہ بھی ہو۔دلچسپی رکھنے والے 30 جولائی تک درخواست دے سکیں گے۔