نیویارک ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) رواں برس کے چوتھے اور آخری بڑے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 139 واں ایڈیشن 26 اگست سے امریکا کے مشہور شہر نیویارک میں شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائیگا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئینگے۔میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہونگے۔ سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپانی ٹینس سٹار نائومی اوساکا اپنے اعزاز کا دفاع کرینگی۔اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں مائیک برائن اور جیک سوک پر مشتمل امریکی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔
ویمنز ڈبلز مقابلوں میں آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی اور انکی امریکی جوڑی دار کو کو وانڈویج اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریگی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں امریکا کی بیتھانی میٹک سینڈز اور انکے برطانوی جوڑی دار جمی مرے اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ میگا ایونٹ 26 اگست سے شروع ہوکر 8 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔