اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون میں ایبٹ آباد اور راولپنڈی میں شیڈول میچز بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ خراب موسم کے باعث میچ کے چوتھے اور آخری روز ایک بھی گیند کا کھیل ممکن نہ ہو سکا۔
میچ کے اختتام پر خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں 86 اوورز میں 295 رنز بنائے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ دوسری جانب کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن اور سندھ کے درمیان کھیلا گیا 4 روزہ میچ بھی ڈرا ہوگیا، شہر میں ہونے والی غیر متوقع بارشوں کے باعث چوتھے روز کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا۔میچ کے اختتام پر سندھ نے ناردرن کی پہلی اننگز 271 رنز کے جواب 4 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے تھے۔