پشاورمیں مثالی گیمز منعقد کرنے کیلئے شبانہ روز کام کررہے ہیں ، اسفندیار خٹک

پشاور( عاصم شیراز) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اسفندیار خٹک نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کے لئے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں اور تمام ایونٹس اپنے مقررہ وینیوز پر شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے جس کے لئے ہماری ٹیم کے اراکین شبانہ روز کام کررہے ہیں وہ گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہا کہ قومی کھیلوں کے لئے سیکورٹی کے فول پر وف انتظامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں جلد ہی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بھی جلد منعقد ہوگا جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کریں گے ‘انہوں نے بتایا کہ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ایتھلیٹکس ٹارٹن ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے جس کو پانچ اکتوبر کو مکمل کر لیا جائے گا جس کے لئے مرمت کا میٹریل دبئی سے منگوایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ دیگر تمام وینیوز پر بھی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں وہ خود وینیوز کا دورہ کرتے رہتے ہیں ‘فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ‘کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی جس کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹی اے ڈی اے بھی دیا جائے گا کیمپس اور ٹرائلز کے لئے بھی سامان اور دیگر ضروریات فراہم کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایسوسی ایشن میں کوئی ایشو نہیں ہے سب مسائل حل کر لئے گئے ہیں ‘ایتھلیٹکس کے تمام ایونٹس پشاور میں شیڈول کے مطابق ہورہے ہیں ‘ ٹرائلز میںصوبے کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ قبائلی اضلاع کے پلیئرز نے بھی شرکت کی ہے اور انہیں بھی برابر کے مواقع دئیے جارے ہیں

انہوں نے کہا کہ مثالی نیشنل گیمز منعقد ہوں گی جس سے ہمارے صوبے کاسافٹ امیج دنیا بھر کو جائیگا ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہا ہے بڑی تعداد میں سپورٹس گرائونڈ تیار کئے گئے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہے ‘کھیلوں کی سہولتوں کی بہتری کے لئے 5.5 بلین روپے رکھے گئے ہیں جو پشاور سپورٹس کمپلیکس سمیت دیگر منصوبوں پر خرچ ہوں گے اس کے ساتھ قبائلی اضلاع میں 78 کروڑ روپے کی لاگت سے سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہوں گے جبکہ ایف آرز کی سطح پر منی سپورٹس کمپلیکس ہر ایف آر میں تعمیر کیا جائیگا جس کے لئے ہر کمپلیکس کے لئے 34 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ‘سکواش پر فوکس کیا گیا ہے بیس سکواش کمپلیکس تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے یہ کمپلیکس سکولوں میں بھی تعمیر کئے جائیں گے جس کے لئے چار سکولوں کی نشاندہی ہوئی ہے جبکہ پینتیس سکولوں نے اپنی زمین دینے پر اتفاق کیا ہے جہاں سکواش کمپلیکس بنانے پر غور کیا جائیگا اس سلسلے میں محکمہ تعلیم حکام کیساتھ بھی بات چیت جاری ہے ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک نے اعلان کیا کہ جون 2020 تک پشاور کا ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم انٹرنیشنل کرکٹ مقابلوں کے لئے تیار ہوجائیگا اور اس کے دروازے انٹرنیشنل میچوں کے لئے کھول دئیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی آنے والے بجٹ میں کھیلوں کے بے شمار منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن پر شیڈول کے مطابق عمل درآمد ہوگا۔

تعارف: newseditor