لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پشاور میں 26 اکتوبر تا یکم نومبر منعقد ہونے والے33ویں نیشنل گیمز کی مشعل (Torch Relay) کے سفر کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، قومی گیمز کی مشعل اپنے سفر کا آغاز کل کراچی سے کرے گی۔مشعل اپنے اگلے سفرمیں 7 اکتوبرکوکوئٹہ لائی جائے گی جہاں ایئرپورٹ سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اولمپئینز، انٹرنیشنل ایتھلیٹس اور اسٹوڈنٹس مشعل کو براستہ چمن پھاٹک سے ایوب اسٹیدیم میں لائیں گے۔8 اکتوبر کو مشعل لاہور پہنچے گی جہاں اسے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا، مشعل لاہور میں ویمنز کالج، دہلی گیٹ، حضوری باغ اور علامہ اقبال کے مزار تک مختلف کھیلوں کی معروف شخصیات لیکر لاہور کا دورہ مکمل کریں گے 8سے 14اکتوبر تک مشعل لاہور میں ہی رہے گی جہاں وہ مختلف مقامامت کا دورہ کرے گی۔15 اکتوبر کومشعل اسلام آباد لائی جائے گی، جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ محترمہ فہمیدہ مرزا ہوں گی جس کے بعد مشعل شکرپڑیاں، فیصل مسجد اور دامن کوہ لائی جائے گی۔
16 اکتوبر کو مشعل کا سفر مظفرآباد سے شروع ہوگا جہاں آزاد جموں کشمیر کے صوبائی وزیر کھیل اسے وصول کریں گے۔17 اکتوبر کو مشعل گلگت بلتستان آئے گی، جہاں صوبائی وزیر برائے کھیل وصول کریں گے 18 اکتوبر کو گلگت بلتستان کے بلند ترین سیاحتی مقام بابوسرٹاپ (Babusar Top) صبح ساڑھے دس بجے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔19 اکتوبر کو مشعل کو خیبرپختونخواہ اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا، وہاں سے نیشنل گیمز کی مشعل کو براستہ ناران، ایبٹ آباد، کندبنگلہ، نوشہرہ، بالا حصار فورٹ، گورنرہاؤس، پی اے ایف اسپورٹس کمپلیکس، اسلامیہ کالج، جمرود اسپورٹس کمپلیکس، خیبر رائفلز ہیڈ کواٹر سے پشاور لایا جائے گا۔21 اکتوبر کو مشعل باب خیبر لائی جائے گی جبکہ 26 اکتوبر کو مشعل کو قیوم اسٹیڈیم پشاور لایا جائے گا۔