کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اور مدثر آرائیں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے آئندہ چار سال کے لئے بلامقابلہ چیئرمین اور صدر منتخب

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اور مدثر آرائیں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے آئندہ چار سال کے لئے بلامقابلہ چیئرمین اور صدر منتخب جبکہ سید گوہر رضا سیکرٹری جنرل ہونگے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے آئندہ چار سال 2019-2022 ء کے لئے انتخابات پاکستان سپورٹس بورڈ کی پالیسی کے مطابق گذشتہ روز کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئے۔ چیئرمین الیکشن کمیشن محمد سلیم نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتےہوئے بتایاکہ پاکستان نیٹ بال کے انتخابات میں تمام عہدیدار آئندہ چار برس کے لئے متفقہ طور پر منتخب ہوئے۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران کاشف ریاض اور محسن احمد کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندے پی ایس بی کوچنگ سنٹر کے ڈائریکٹر رفیق پیرزادہ بھی موجود تھے۔ انتخابات کے نتائج کے مطابق چیئرمین کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، صدر مدثر رزاق آرائیں، سنیئر نائب صدر سید توقیر احمد برنی، چار نائب صدور ملک ثمین خان، لیفٹیننٹ کرنل(ر)غلام مرتضی شاہ، محمد مشرف خان جبکہ خواتین سیٹ پر شازیہ یوسف اور مہوش نعیم اور سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا منتخب ہوئے، دیگر عہدیداروں میں تین ایسوسی ایٹ سیکرٹریز کے لئے خواتین سیٹ پر قرت العین، رانا تنویر احمد اور محمد ریاض اور خزانچی سہیل احمد منتخب ہوئے جبکہ مجلس عاملہ میں چھ ارکان کو شامل کیا گیا

مجلس عاملہ کے ممبران میں نثاراحمد(گلگت بلتستان)، چوہدری یاسر مقبول (آزاد جموں و کشمیر)، اعجاز الحق( سندھ )، انوار احمد انصاری (این یو اے) خواتین سیٹ پرنیشا سلطان( پاکستان ویمن نیٹ بال ایسوسی ایشن) اور ریحانہ توقیر (بلوچستان) شامل ہیں.پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے انتخابات کے موقع پر پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی کے ڈائریکٹر رفیق پیرزادہ بطور نمائندہ (مشاہدات) نے اتخابات کی تمام کاروائی کو دیکھ کر الیکشن کمیشن کی شاندار کارکردگی اور کاروائی کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب عہدیداروں کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ نئے عہدیدار بھی نیٹ بال کی گراس روٹ سطح پر ترقی کے لئے اپنے اپنے صوبوں اور ریجن میں دن رات کوشش کریں گے۔ انتخابات کے نتائج کے بعد پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے ان کو دوبارہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا صدر منتخب کرنے پر تمام جنرل کونسل کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن پہلے کی طرح ملک میں نیٹ بال کے کھیل کے فروغ اور ترقی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ انتخابات کے بعد پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس زیر صدارت مدثر آرائیں منعقد ہوا جس میں سابق سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے گذشتہ چار سال کی فیڈریشن کی کارگردگی اور منعقد ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ اپنے عہدے کا چارج نئے سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا کو دیا۔ تمام ہائوس نے محمد ریاض کی گذشتہ چار سال کی کارگردگی اور کھیل کی ترقی کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس کے بعد پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کےصدر مدثر آرائیں نے بتایاکہ اجلاس میں کونسل کے ممبران فیڈریشن کی آئندہ سال کی سرگرمیوں، سپورٹس کیلینڈر کی اور آئندہ تین ٹیموں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کنے کی بھی منظوری دی، انٹرنیشنل ایونٹس سائوتھ ایشین انڈر-16 گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ 18 سے 22 اکتوبر تک نیپال میں، ایشین مینز نیٹ بال چیمپیئن شپ روواں سال دسمبر میں سنگاپور میں اور ایشین ویمن نیٹ بال چیمپیئن آئندہ برس جون میں کوریا میں منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہائوس نے مختلف ایونٹس ایسوسی ایشنز اور اداروں کو منعقد کروانے لئے الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی ہے جن میں انٹر ڈیپارٹمنٹ مینز نیٹ بال چیمپیئن شپ پاکستان واپڈا کو، قومی خواتین نیٹ بال چیمپیئن شپ خیبر پختونخوا کو ، نیشنل کوچنگ اینڈ امپائرنگ کورس گلگت بلتستان کو،قومی جونیئر بوائز اور گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ بلوچستان کو، قومی اور بین الصوبائی بیچ نیٹ بال چیمپیئن شپ سندھ کو الاٹ کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپیئن شپ آئندہ برس جنوری میں اسلام آباد میں منعقد کروائی جائے گی۔

تعارف: newseditor