لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو ایک ہی وقت میں سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داری دینا درست فیصلہ نہیں، وہ جب تک عہدے پر ہیں کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع نہیں دیں گے۔انہوں نے سوال اٹھایا
کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو کس پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے؟۔اپنے ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر عاقب نے کہا کہ عمر اکمل کس پرفارمنس پر ٹیم میں واپس آئے پرفارم تو عابد علی نے کیا، فخر زمان کو ٹی ٹوئنٹی سے نکال کر احمد شہزاد کا شامل کرنا بھی سمجھ سے باہر ہے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میں وقار یونس کا تو کوئی عمل دخل نہیں ہوتا ہوگا، ورنہ عمر اکمل اور احمد شہزاد تو ٹیم میں نہیں آتے، کیونکہ جب وقار ہیڈ کوچ تھے وہ خود ان دونوں کے بارے میں خط لکھ چکے ہیں۔واضح رہے کہ عمر اکمل اور احمد شہزاد طویل عرصہ بعد قومی ٹی 20کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں
، سری لنکا کیخلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچز میں دونوں بیٹسمینوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔عمر اکمل دونوں میچوں میں گولڈن ڈک پر آوٹ ہوئے جبکہ احمد شہزاد نے بالترتیب 4اور 13رنز بنائے۔