پاکستان فیڈریشن بیس بال کے وفد کی گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات

 لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے وفد نے پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سیدفخر علی شاہ نے کی۔ان کے ہمراہ ہیلتھ منسٹر پنجاب کے ایڈوائزر ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، منظر شاہ فرید ایگزیکٹو ڈائریکٹر، مس سعدیہ علوی چیئرپرسن ویمن ونگ، ڈاکٹر شاہین گلریز ڈائریکٹر یوتھ بیس بال ڈیویلپمنٹ، باسط مرتضیٰ کوچ پاکستان ٹیم، پاکستان کے انٹرنیشنل بیس بال پلیئرز اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔
 شیخ مظہر احمد سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال کے مطابق سید فخر علی شاہ نے گورنر پنجاب کو بیس بال کے بارے میں بریفنگ دی۔ میٹنگ میں سید فخر علی شاہ نے گورنر کو اس سال کھیلے گئے انٹر نیشنل بیس بال ٹورنامنٹس کی رپورٹ پیش کی۔ جس میں چودھواں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ جوکہ سری لنکا میں کھیلا گیا اس میں پاکستان نے سلور میڈل حاصل کیاجبکہ دسویں انڈر15ایشین بیس بال چیمپئن شپ جو کہ چائنا میں کھیلی گئی میں پاکستان نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ گورنر نے پاکستان کی عمدہ کارکردگی پر فخر شاہ کو مبارکباد پیش کی۔


 سید فخر علی شاہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے ستمبر میں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کی۔ جس میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کیا اور پاکستان کے سید محمد شاہ نے ایشین بیسٹ ہٹر اور ذیشان امین نے بیسٹ آؤٹ فیلڈر کا ایوارڈ حاصل کیا۔
 سید فخر علی شاہ نے گورنر کو بتایا کہ پاکستان میں بیس بال کا کوئی سٹیڈیم یا گراؤنڈ موجود نہیں ہے۔ گورنر نے فخر علی شاہ کو اس سلسلے میں اپنے تعاون کا مکمل یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ اس کے لئے پروپوزل تیار کریں اور بیس بال گراؤنڈ کے لئے بھی کوئی مناسب جگہ دیکھیں۔
 اس موقع پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے ویمن اور یوتھ ونگ نے بھی گورنر پنجاب کی اہلیہ مسز پروین سرور سے ملاقات کی۔ مس سعدیہ علوی چیئرپرسن ویمن ونگ اور ڈاکٹر شاہین گلریز ڈائریکٹر یوتھ ڈیویلپمنٹ نے ملاقات میں گورنر پنجاب کی اہلیہ کو پاکستان میں ویمن بیس بال ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ویمن بیس بال ٹیم 9نومبر سے چائنا میں کھیلی جارہی دوسری ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ میں بھی شرکت کررہی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کا کیمپ بھی لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں جاری ہے۔
 شیخ مظہر احمد کے مطابق محترمہ پروین سرور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فیڈریشن کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کو گورنر ہاؤس میں ویمن بیس بال ٹیموں کا میچ کروانے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے وفد کو اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ پاکستان میں ویمن بیس بال کی ایمبیسیڈر بننے کے لئے بھی تیار ہیں۔

تعارف: newseditor