لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ 33ویں نیشنل گیمز پشاور کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور افسران ان کی خود نگرانی کریں،
گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، وہ اپنے ٹیلنٹ کا اظہار 33ویں نیشنل گیمز پشاورمیں بھرپور انداز میں کریں، پنجاب کی مختلف ٹیموں میں منتخب ہونے والے کھلاڑی پنجاب کا اثاثہ ہیں، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ان کی کارکردگی میں بہتری کا باعث ثابت ہوتی ہے،سپورٹس بورڈ پنجاب تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرے گا
ذاتی طور پر تربیتی کیمپ کا جائزہ لیتا اور دورہ کرتا رہوں گا، کھلاڑیوں کے قیام و طعام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پنجاب کے تمام کھلاڑی نیشنل گیمز پشاور میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انہوں نے کوچز کو بھی ہدایت کی ہے کھلاڑیوں کی تربیت میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے،
صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ نیشنل گیمز پشاور کی تیاری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھرپور تعاون کرتے ہوئے خطیر فنڈز فراہم کئے، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو نیشنل گیمز پشاور اور تربیتی کیمپس کے لئے مطلوبہ فنڈز مہیا کردئے گئے ہیں، کھلاڑیوں سے وعدہ ہے کہ میڈلز جیتنے پر ان کو اعزازت سے نوازا جائیگا، کھلاڑی کسی بھی شکایات کی صورت میں مجھ سے یا سپورٹس بورڈ حکام سے رابطہ کرسکتے ہیں۔