لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ویمن کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز کے 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے بسمہ معروف کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ ٹیم جونیئرز اور سینئرز کا کامبی نیشن ہے، سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جارہا ہے تاکہ مستقبل کے لیے تیاری کی جاسکے۔ چیف سلیکٹر نے بتایا کہ بسمہ معروف کی قیادت میں منتخب ٹیم میں عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، ثنا میر، سدرا امین اور سدرا نواز شامل ہیں۔ندا ڈار آسٹریلیا میں بیگ بیش لیگ کی وجہ سے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گی جب کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں شامل رامین شمیم بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں۔
رامین شمیم ان دنوں کولمبو میں پاکستان ویمن ایمرجنگ ٹیم کی قیادت کررہی ہیں تاہم امکان ہے کہ انہیں ون ڈے اسکواڈ کے لیے طلب کیا جائے گا۔جویریہ روف، ایمن انور، ناشرہ سندھو اور فاطمہ ثنا بھی بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں منتخب نہیں ہوئیں۔ فیصل آباد سے کھیلنے والی سعدیہ اقبال کو پہلی بار پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ عائشہ ظفر کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ناہیدہ خان نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلی تھی تاہم اب وہ ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا بھی حصہ بنی ہیں جب کہ صبا نذیر کو بھی دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔صبا نذیر کو اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا مگر وہ کوئی میچ نہیں کھیل پائی تھیں۔چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے سیریز ٹیم کے لیے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی اور ورلڈ کپ کے لیے کور گروپ کی شناخت کا بھی موقع ملے گا۔