لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے 19کرکٹ ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔پاکستان کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے جس میں بنگلہ دیش ،سکاٹ لینڈ اور زمبابوے شامل ہیں۔ دومرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم آئی سی سی انڈر 19کرکٹ ورلڈکپ2020میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ آئندہ سال19جنوری بروز اتوار کو پوچیف اسٹروم کینارتھ ویسٹ یونیورسٹی اوول میں کھیلا جائے گا۔24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئندہ سال17جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل میچ بینونی کے جے پی مارک اوول میں کھیلا جائے گا۔قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم ایونٹ میں ا پنا دوسرا میچ22جنوری کو زمباوے کے خلاف بلوم فانٹین کے وٹرانٹ اوول میں کھیلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کا آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ دونوں ٹیمیں 24جنوری کو جے پی مارک اوول میں مدمقابل آئیں گی۔ ہر گروپ سے 2بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے میں رسائی حاصل کرلیں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کے لیے نبردآزمائی کریں گے۔
ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28جنوری بروز منگل کو ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کے فاتح کا فیصلہ 9فروری بروز اتوراکو ہوگا۔قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2004بنگلہ دیش اور 2006 سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے۔ پاکستان ایونٹ کے 3ایڈیشنز میں رنرزاپ بھی رہ چکا ہے۔گذشتہ سال نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت حسان خان نے کی تھی۔ ایونٹ میں قومی انڈر 19کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں بھارت سے شکست کھاگئی تھی۔آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ پہلی بار 1988 میں کھیلا گیا، جس کے ہر 2سال بعد ایونٹ کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جارہاہے۔ ایونٹ کے تاحال 12 ایڈیشنز مکمل ہوچکے ہیں جس میں بھارت 4 مرتبہ فاتح رہا ہے۔ آسٹریلیا 3، پاکستان 2جبکہ جنوبی افریقہ اورویسٹ انڈیز ایک ایک بار ایونٹ جیت چکے ہیں۔ایونٹ میں شامل وارم اپ میچزآئندہ سال 12 سے 15 جنوری تک جاری رہیں گے جہاں نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے آخری ایڈیشن میں شامل11 فل ممبران اور 5 ریجنل ٹیمیں شرکت کریں گی۔