پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کیلئے پرجوش ہوں، مارٹن گپٹل

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹر مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلنے کے چیلنج کے لیے تیار ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مارٹن گپٹل نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے لیے پرجوش ہیں۔36 سالہ مارٹن گپٹل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تجربہ کار ترین اور کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں، وہ 2021 میں کراچی کنگز کی جانب سے کورونا سے متاثر ہونے والے پی ایس ایل میں ابوظہبی مرحلہ کھیل چکے ہیں، اس بار وہ کوئٹہ کی جانب سے پاکستان میں میچز کھیلیں گے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہترین جگہ ہے، وہ نئی ٹیم کی جانب سے کھیلنے کو تیار ہیں، یہاں نئے دوست بھی بنائیں گے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں، پاکستان میں کھیل کر سیکھنے کا بھی اچھا موقع ملے گا۔دنیا کی مختلف لیگز میں 305 ٹی ٹوئنٹی اننگز کھیل کر 8734 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا معیار کافی اچھا ہے تاہم وہ اس لیگ کا کسی دوسری لیگ سے موازنہ نہیں کریں گے کیوں کہ ایسا کرنا ان کے لیے ممکن نہیں۔مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ یہاں اچھی فاسٹ بولنگ، اچھا اسپن اٹیک اور بہترین بیٹنگ سب ہی کچھ ہے۔

 

 

 

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ ایک اچھا ٹورنامنٹ تھا لیکن اب اتنی کرکٹ ہو گئی ہے کہ چیمپئنز لیگ کو دوبارہ بحال کیا جائے تو یہ کیلنڈر کو مزید مصروف کردے گا لیکن اگر ایسا ہوا تو وہ ضرور اس ٹورنامنٹ کو ایک بار پھر کھیلنا چاہیں گے۔مارٹن گپٹل نے پاکستانی فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی، حارث روف، نسیم شاہ اور محمد حسنین کے ہوتے ہوئے پاکستان کا بولنگ اٹیک کافی زبردست ہے، ایسے بولرز کی موجودگی میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کا مستقبل کافی روشن اور مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔

error: Content is protected !!