لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم کی زیرصدارت پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ضلع قصور اور تحصیل چونیاں میں سپورٹس کے جاری ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر ،پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن، ڈویژنل سپورٹس آفسیر ندیم قیصر، ضلعی سپورٹس آفیسر قصور فیصل امیر اور دیگر افسران نے شرکت کی، پروجیکٹ ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن نے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم کو ضلع قصور اور تحصیل چونیاں میں سپورٹس کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے ویژن کے مطابق صوبہ میں سپورٹس منصوبوں کی تکمیل سے متعلق اہم اقدامات کررہا ہے، ضلع قصورمیں سپورٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے، نوجوان سپورٹس کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہیں، ضلع قصور اور تحصیل چونیاں میں سپورٹس منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملے گا، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع قصور اور تحصیل چونیاں میں سپورٹس کے زیرتعمیر منصوبوں کو جلدازجلد مکمل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں ہی مکمل کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کے زیرتعمیر منصوبوں میں جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ان کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ضلع قصور اور تحصیل چونیاں کے نوجوان ان سہولتوں سے استفادہ کرکے اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکیں۔