ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی جوڈوکے کھلاڑی شاہ حسین شاہ نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کونٹی نینٹل کوٹہ میں جگہ بنالی ہے، جس کے بعد ان کی اگلے سال ہونے والے کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ کے لیے رسائی کی امیدیں مضبوط ہوگئی ہیں۔شاہ حسین شاہ نے حال ہی میں ابوظبی گرینڈ سلیم میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد انہیں اولمپکس کوالیفیکشن کے تین سو ساٹھ پوائنٹس ملے۔جس کے بعد دو سالہ اولمپکس کوالیفائنگ سائیکل میں ان کےمجموعی پوائنٹس کی تعداد سات سو چھالیس ہوگئی ہے اور ان کی رینکنگ بیس درجہ بہتر ہوکر بیالیسویں ہوگئی ہے۔
اب وہ اولمپکس تک رسائی کیلئے کونٹی نینٹل کوٹہ کی فہرست میں آگئے۔رینکنگ میں اس وقت شاہ حسین شاہ کی پوزیشن مستحکم ہے اور اولمپکس میں جگہ کنفرم کرنے کیلئے انہیں ٹاپ 57 میں رہنا ضروری ہے۔پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد نے جیو نیوز کو بتایا کہ شاہ حسین شاہ کی اولمپکس تک رسائی کے امکانات بہت زیادہ ہیں، اگر حکومت تعاون کرے اور اسٹار جوڈوکا مزید ایونٹس کھیلیں تو کوئی وجہ نہیں کہ شاہ حسین اولمپکس میں جگہ نہ بناسکیں۔ایک سوال پر مسعود احمد نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ شاہ حسین شاہ اپنی رینکنگ اور بہتر کریں اور کونٹی نینٹل کوٹہ سے بڑھ کر ڈائریکٹ کوالیفیکشن حاصل کرلیں، جس کیلئے ان کو ٹاپ 18 میں آنا ضروری ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت نے جو عدے کئے تھے اسکو پورا کرنا اب بے حد ضروری ہوگیا ہے۔