چیف آف آرمی اسٹاف جی ون تائیکوانڈو چیمپیئن شپ4 نومبر سے شروع ہو گی

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)چیف آف آرمی اسٹاف جی ون تائیکوانڈو چیمپیئن شپ4تا8 نومبر2021ء لیاقت جمنازیم ہال پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہوگی،اس میگاایونٹ میں کئی نامور غیرملکی تائیکوانڈو پلیئرزسمیت 550مرد وخواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز میں16گولڈ میڈلز کیلئے ایکشن میں نظرآئیں گے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدرکرنل(ر)وسیم جنجوعہ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے تائیکوانڈوایونٹ کے میچزسپروائزکرنے کیلئے انٹرنیشنل ریفریزکومدعو کیا گیا ہے۔ پاکستان کی 2 نیشنل ٹیموں کے ساتھ، صوبے،ڈیپارٹمنٹس اور سروسز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پی او اے،پی ایس بی، پاکستان آرمی اور تائیکوانڈو فیڈریشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز چیمپئن شپ کے انعقاد کوکامیاب دیکھنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق کھیلوں کے ذریعے ملک کے مثبت امیج کو بڑھایا جا سکتا ہے، اس طرح کے ایونٹس سے ملک میں کھیلوں کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے وفاقی وزیر آئی پی سی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی مسلسل کوششوں کوبھی تقویت ملے گی۔کرنل(ر) وسیم جنجوعہ نے بتایا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی جانب سے ایونٹ کیلئے مختلف خیرسگالی سفیرنامزد کئے جائیں گے۔ سائوتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کے صدراور پی ٹی ایف کے اعزازی نائب صدر عمرسعید نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سیدعارف حسن نے ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دیگر فیڈریشنوں کے لیے ایک اچھی مثال ثابت ہو گا اور امید ہے کہ پاکستان کو اس طرح کے مزید بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی ملے گی۔

error: Content is protected !!