سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان سابق کپتان عمران خان کے بعد قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عمر رسیدہ فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے دوران پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد عرفان کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔محمد عرفان 37 برس کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ بنے جبکہ عمران خان نے 1992 کے ورلڈکپ میں 39 برس کی عمر میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔عمران خان کے بعد کوئی بھی فاسٹ بولر ان کی عمر کے قریب بھی نہ پہنچ سکا، تاہم گزشتہ 27 برس کے دوران محمد عرفان 37 سال کی عمر میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے عمر رسیدہ کھلاڑی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی کا اعزاز میران بخش کے پاس ہے جنہوں نے 1955 میں بھارت کے خلاف 47 برس کی عمر میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔