لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )بنگلہ دیش میں جاری اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو90رنزسے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 183 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔ آل راؤنڈر عماد بٹ 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 93 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد حسنین نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ایشین
کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کاکس بازار بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لئے مشکل کنڈیشنز کے باعث قومی
ایمرجنگ ٹیم کے کپتان سعود شکیل سمیت ابتدائی 3 کھلاڑی محض 31 اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ روحیل نذیر اور سیف بدر کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ روحیل نذیر 37 اور سیف بدر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عماد بٹ اورخوشدل شاہ نے قدرے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔
عماد بٹ نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 44رنز کی اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ کی 32 رنز پر مشتمل اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم 49.5 اوورز میں 183 رنز بناکر آؤٹ
ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو نے 3وکٹیں حاصل کیں۔184 رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ محمد حسنین کی تیز رفتار باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ محمد حسنین نے حریف ٹیم کے اوپنر بھنوکا کو 15 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔ دوسری وکٹ کے
لئے نیسانکا اور ہسیتا نے پاکستان ایمرجنگ ٹیم کے باؤلرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 45 رنز کی شراکت کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ نیسانکا نے 34 اور ہسیتا نے 22 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے
آؤٹ ہوتے ہی فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور31ویں اوور میں محض93 رنز پر حریف ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔ محمد حسنین نے 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ عمر خان اور خوشدل
شاہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔قومی ایمرجنگ ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ 18نومبر کو اومان کے خلاف کھیلے گی۔