لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) نیا ناظم آباد گرائونڈ کراچی میں بلوچستان اور ناردرن کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ بلوچستان نے دوسری اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 257 رنزبنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔
پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے اسپنر رضا حسن نے میچ میں 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔انہوں نے دوسری اننگز 101 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے آخری روز بلوچستان نے بغیر کسی نقصان کے 5 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بائیں ہاتھ کے اسپنر
رضا حسن کی عمدہ بالنگ کے باعث بلوچستان کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 140 رنز پر بلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ چھٹی وکٹ کے لیے شہباز خان اور داد خان میں 91 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
شہباز خان 69رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ داد خان نے ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ اس سے قبل ناردرن نے بلوچستان کے 293 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں مقرر ہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے تھے۔دوسری جانب این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 56 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم مقررہ وقت میں 8وکٹوں کے
نقصان پر203 رنزہی بناسکی۔میچ کا وقت ختم ہونے کے باعث سدرن پنجاب کی دوسری اننگز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا۔ میچ کے آخری روز سندھ نے بغیر کسی نقصان کے 12 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو 57 کے
مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز آ ئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر بلے باز رمیز راجہ جونیئر اور محمد سلیمان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ رمیز راجہ جونیئر 48 اور محمد سلیمان 33 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے دانش عزیز نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے ناقابل شکست 52 رنز اسکور کیے۔سدرن پنجاب کے اسپنر علی عثمان نے میچ میں آٹھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ادھراقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان
میچ موسم کے باعث مکمل نہ ہوسکا۔ دونوں ٹیموں کے یدرمیان بے نتیجہ ثابت ہونیو الے میچ میں 96 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 60 رنز بنائے
تھے کہ کم روشنی کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔اس سے قبل خیبرپختونخوا کے 290 رنز کے جواب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 83 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے تھے۔اوپنر عبداللہ شفیق اور عتیق الرحمن نے سنچریاں اسکور کیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 138 رنز کی
شراکت قائم ہوئی۔ عتیق الرحمن 129 اور عبداللہ شفیق 124 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے محسن خان اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 30 اور 26 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔