سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی فاسٹ بولر جیمز پٹینسن کو ’غیرمناسب رویہ اختیار کرنے پر‘ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر کردیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ ہفتے کوئینز لینڈ کے خلاف وکٹوریہ کے شیفیلڈ شیلڈ کھیل کے دوران جیمز پٹینسن نے آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔تاہم یہ
واضح نہیں کیا گیا کہ انہوں نے مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کو کیا کہا لیکن گورننگ باڈی نے ان پر ‘فیلڈنگ کے دوران کسی کھلاڑی کے ساتھ غیرمناسب رویہ’ اختیار کرنے پر سزا دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ 18 ماہ میں جیمز پٹینسن نے تیسری بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔سی اے کے سربراہ شان کیرول نے اعلامیے میں کہا کہ ‘ہمارا فرض ہے کہ ہم اعلی معیار کے حامل رویوں کو برقرار رکھیں اور یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے’۔جیمز پٹینسن پر پابندی نے مچل اسٹارک کے لیے جمعرات سے برسبین میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں اپنی پرفارمنس سے متاثر کرنے کا موقع پیدا کردیا ہے۔اپنے جرم کا
اعتراف کرنے والے جیمز پٹینسن نے کہا ‘مجھ سے گرما گرمی میں غلطی ہوئی’۔انہوں نے کہا کہ ‘غلطی کا احساس فوراً ہی ہوگیا تھا، میں نے غلطی پر حریف اور امپائر دونوں سے فوری طور پر معافی بھی مانگی’۔جیمز پٹینسن نے کہا کہ ‘میں نے غلط کام کیا ہے لہٰذا مجھے سزا بھی قبول ہے
مجھے ٹیسٹ میچ سے محروم کیے جانے کا افسوس ہے لیکن معیارات کی پاسداری پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور غلطی مجھ سے ہوئی ہے’۔سی اے نے کہا کہ ٹیسٹ اسکواڈ کے لیے کسی بھی متبادل کو طلب نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کیمرون بین کرافٹ اور جو برنز کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل
کیا گیا ہے جبکہ جیمز پیٹنسن، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ پر مشتمل باؤلنگ اٹیک کی معاونت کے لیے باؤلنگ آل راؤنڈر مائیکل نیسر کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔یاد رہے کہ آسٹریلین اے ٹیم میں کیمرون بین کرافٹ کو شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن نک میڈنسن ذہنی مسائل کے سبب ٹور میچ سے دستبردار ہو گئے تھے اور ان کی جگہ بین کرافٹ کو طلب کیا گیا۔