کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے سات راؤنڈ کے 21مقابلوں کے بعد سیزن میں’’کوکا برا‘‘ گیند کا استعمال فاسٹ بولرز کے لئے شدید مشکلات کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔
اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب تک محض چھ فاسٹ بولرز اننگز میں پانچ وکٹ کی پرفارمنس پیش کر سکے ہیں۔اس بارے میں جب سینٹرل پنجاب کے ظفر گوہر سے پوچھا گیا، تو انھوں نے بتایا، دراصل اس بار “ کوکا برا” گیند کا استعمال بنیادی طور پر اس کی سیدھی وجہ دکھائی دیتی ہے۔
بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ کرنے والے 24سالہ ظفر گوہر خان جنھوں نے قائد اعظم ٹرافی کے سات میچوں میں 28.39کی اوسط سے 28وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، کہتے ہیں، دراصل ہمارے فاسٹ بولرز کے لئے
’’کوکا برا‘‘ گیند کا تجربہ قدرے نیا ہے۔اسی وجہ سے انھیں مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ اس گیند کیساتھ زرا زور لگانا پڑتا ہے، جس میں شاید بولرز کو ابھی کچھ وقت درکار ہے، ایک دو سیزن ’’کوکا برا‘‘ کیساتھ جب گیند کرینگے، تو سب معاملات بہتر ہو جائیں گے۔