سائوتھ ایشین گیمز،انعام بٹ گولڈ میڈل کیلئے پرعزم

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)‏انعام بٹ پہلوان ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پُر عزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ گیمز میں سونے کا تمغہ جیت کر اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔‏ساؤتھ ایشین گیمز یکم دسمبر سے نیپال میں شروع ہو رہے ہیں جس میں انعام بٹ سمیت پاکستان کے سات پہلوان سات مختلف ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔

انعام بٹ پہلوان کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ہیں جب کہ حال ہی میں انہوں نے ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعام بٹ نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے تیاریوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیمپ طویل دورانیے کے نہیں تھے، اپنی مدد آپ کے تحت سب کچھ کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود ساؤتھ ایشین گیمز میں میڈلز حاصل کریں گے۔انعام بٹ نے کہا کہ مشکلات کی وجہ سے مورال ڈاون نہیں ہوتا اور نا ہی ہونا چاہیے کیونکہ ہمیں پاکستان کے لیے سب کچھ کرنا ہے اور پاکستان کے لیے سب کوششیں کرتے ہیں اور اس مرتبہ بھی یہی کوشش ہو گی کہ پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ میڈلز حاصل کریں۔

قومی پہلوان نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں سات پہلوان پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور سات میڈلز ضرور ہوں گے، میڈلز کے رنگوں کے بارے میں یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن اتنا ضرور ہے کہ ان سات میں سے تین سے چار گولڈ میڈلز ہوں گے۔‏ انعام بٹ نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان کے لیے میڈ ل جیتیں، دوسری مرتبہ گولڈ میڈل جیت کر اپنے اعزاز کا دفاع کرنا چاہیں گے۔انعام بٹ کا کہنا ہے کہ مدمقابل پہلوانوں خاص طور پر بھارتی پہلوان نے بھرپور تیاری کی ہو ئی ہے۔انہوں نے اولمپکس کو سامنے رکھ ٹریننگ کی ہے لیکن ہم بھی کم سہولیات اور ٹریننگ کے باوجود بہترین کھیل پیش کرتے ہو ئے میڈلز جیتیں گے۔

تعارف: newseditor