لاہور(اسپورٹس لنک رپورٹ)سابق ٹیسٹ فاسٹ بالر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان کرکٹ بورڈ میں سیاسی عمل دخل جاری رہے گا اس وقت تک معاملات کے درست ہونے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔میڈیا سے گفتگو میں لاہور قلندرز کے کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا ایک طریقہ کار وضع ہونا چاہئے اور قومی کرکٹرز بخوبی واقف ہوں کہ اگر وہ اچھا اسکور کریں گے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی بہتر ہوگا تو اسی صورت میں ان کا انتخاب کیا جائے گا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ فاسٹ بالر عمران خان کو ٹیم میں کس بنیاد پر منتخب کیا گیا کیونکہ جب تک بورڈ میں سیاسی عمل دخل برقرار رہے گا اس وقت تک معاملات کو ٹھیک نہیں کیا جا سکتا۔ عاقب جاوید نے تجویز دی کہ پی سی بی میں غیر جانبدار بورڈ آف گورنرز تشکیل دے کر اسے پالیسیاں بنانے اور ان پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے جس پر کسی بھی حکومت کے آنے یا جانے کا کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے۔