لاہور،کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دسویں اور اختتامی راؤنڈ کے پہلے روز سنٹرل پنجاب کے احمد شہزاد اور عبداللہ شفیق جبکہ بلوچستان کے عمران فرحت اور اکبر الرحمن نے شاندار سنچریاں بنا ڈالیں۔ کراچی کے سٹیٹ بینک گراؤنڈ میں سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کیخلاف ٹاس جیت کر 24 رنز بنانے والے سلمان بٹ کو جلد کھو دیا لیکن عبداللہ شفیق اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ پر 179رنز جوڑ کر کھیل کو سنبھال لیا۔
اولین فرسٹ کلاس میچ میں عبداللہ شفیق نے 133 اور احمد شہزاد نے 100 رنز بنائے ۔ٹیم کا مجموعہ چار وکٹوں پر 339 تک پہنچ گیا۔راحت علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں بلوچستان نے سندھ کیخلاف دو وکٹوں پر 271 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔نو ٹاس قانون کے تحت سندھ نے پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے عمران بٹ اور عظیم گھمن کو جلد برخاست کردیا لیکن عمران فرحت نے 137 اور اکبرالرحمن نے 121رنز بنا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی ۔کراچی کے یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ میں ناردرن ریجن نے خیبر پختونخوا کیخلاف پانچ وکٹوں پر 341 رنز بنائے۔