کراچی (ریاض احمد) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 12ویں نیشنل وومین فٹبال چمپئن شپ 2019میں کھیلے گئے 3میچوں میں 2کے فیصلے ہوگئے جبکہ ایک میچ 2-2گول سے برابر رہا۔کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم کلفٹن پرگروپ 3میں کراچی ککرز نے محسن گیلانی کو 3-1سے ناکام کرکے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ محسن گیلانی کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فاتح ٹیم کے 6پوائنٹس ہوگئے۔ کراچی ککرز کی جانب سے اریبا نے 19ویں اور 45ویں منٹ میں ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ لائبہ نے محسن گیلانی کا واحد گول 53ویں منٹ میں بنایا۔اسی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے دوسرے میچ سندھ وومن اور سی ڈی ایس ایس کا مقابلہ 2-2گول سے برابر رہا۔ سی ڈی ایس ایس کو قراۃ العین نے تیسرے منٹ اور ماہ نور نے 30ویں منٹ میں ایک ایک گول بنا کر اپنی ٹیم کو 0-2سے برتری دلادی جو وقفہ تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں سندھ وومین کیلئے فضا نے 64ویں اور66ویں منٹ میں مسلسل 2گول بنا کر حریف ٹیم کی برتری کا نہ صرف خاتمہ کیا بلکہ اپنی ٹیم کا کھاتہ بھی کھول دیا۔
کے پی ٹی اسٹیڈیم کھارادر پر گروپ 2میں دیا وومین ایف سی اور بلوچستان وومین ایف سی کا مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا۔ دیا ووین کی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔وجیحہ نے 12، کرن نے 20ویں ، امیر احق نے 35ویں اور ماہین نے 38ویں منٹ میں گیند کو جال کا راستہ دکھا کر وقفہ پر اپنی ٹیم کو 0-4کی برتری دلادی۔ جس میں مزید 4گول کا اضافہ شمائلہ نے 60ویں اور72ویں منٹ اورماہین نے 75ویں اور76ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 2گول اسکورکرکے ہیٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
میچ کمشنر عبدالکریم اور اﷲبخش ریفریز ایسیسر جاوید بنگش جبکہ ریفریز ارسلان(فیفا)، زاہد خان، سلیم الدین بابر، شوکت حسین، یونس لعل، نصیر الدین، خرم شہزاد، عبدالباسط اورمحمد ندیم تھے۔آج (بدھ) کے پی ٹی گراؤنڈ پر کراچی وومین ایف سی اور نسیم حمید وومین ایف سی کے مابین ساڑھے تین بجے شام مقابلہ ہوگا جبکہ کراچی یونائیٹڈ فٹبال اسٹیڈیم پر کراچی یونائیٹڈ اور کراچی ککرز ساڑھے 3بجے باہم مقابل ہونگی۔